ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ’’ بیٹی نے پیسے لیے، ڈیڈی نے چورکو بھگا دیا، میڈیاحقائق کونہ دبائے‘‘؛راہل گاندھی نے میہول چوکسی معاملے پرارون جیٹلی پرحملے تیز

’’ بیٹی نے پیسے لیے، ڈیڈی نے چورکو بھگا دیا، میڈیاحقائق کونہ دبائے‘‘؛راہل گاندھی نے میہول چوکسی معاملے پرارون جیٹلی پرحملے تیز

Mon, 22 Oct 2018 23:44:29    S.O. News Service

نئی دہلی22اکتوبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) کانگریس نے وزیر خزانہ ارون جیٹلی کی بیٹی سونالی جیٹلی کے بہانے مودی حکومت پر حملے تیز کر دیئے ہیں۔کانگریس صدر راہل گاندھی نے ارون جیٹلی پر مفرور اقتصادی مجرم میہول چوکسی کی ملک چھوڑنے میں مدد کرنے کا الزام لگایاہے۔ساتھ ہی انہوں نے ٹویٹ کر کے سونالی کا اکاؤنٹ نمبر بھی عام کیاہے جس کے ذریعہ کانگریس پارٹی پیسے لینے کا الزام لگا رہی ہے۔

راہل گاندھی نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ وزیر خزانہ کی بیٹی چورمیہول چوکسی کے لیے کام کر رہی تھیں اور ان کے والدارون جیٹلی نے فائل دبا دی۔ساتھ ہی میہول کو ملک سے بھگا دیا۔اس کے بعدراہل گاندھی نے سونالی جیٹلی کے ICICI بینک اکاؤنٹ کا نمبر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ میڈیا نے اس کہانی کو دبا دیاہے۔راہل گاندھی نے چھتیس گڑھ میں اپنی انتخابی ریلی کے دوران بھی جیٹلی پر لگائے گئے الزامات کو دوہرایا۔

انہوں نے کہا کہ نیرومودی اور میہول چوکسی ملک کے35 ہزار کروڑ روپے چوری کرنے والے چورہیں۔ میہول چوکسی نے وزیر خزانہ ارون جیٹلی کی بیٹی کے بینک اکاؤنٹ میں لاکھوں روپے ڈالے۔وزیرخزانہ نے میہول چوکسی پرکوئی کارروائی نہیں کی اور وہ بھاگ گیا۔کانگریس صدر نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے دہلی میں ایک پریس کانفرنس کی اور اس میں بینک اکاؤنٹ نمبر صاف بتایاگیالیکن افسوس کی بات ہے کہ پریس کے دوستوں میں سے ایک نے بھی ٹی وی پریہ بات ظاہرنہیں کی۔

راہل گاندھی نے کہا کہ پریس کام عوام کو حقیقت بتانا ہے، ملک کے پریس کے بڑے میڈیا ہاؤس اس بات نہیں کرتے۔انہوں نے کہا کہ چھتیس گڑھ کے نوجوانوں کوسمجھنا ہے۔چھتیس گڑھ ایک غریب نہیں امیر ریاست ہے۔ لیکن نوجوانوں سے یہ پیسہ چھینا جاتا ہے۔ 10۔15 بڑے بڑے صنعت کاراپنی رقم آپ سے چھیننے میں لگے ہیں۔مگرمیڈیا کے لوگوں کو ڈرا کر دبا کر رکھا ہواہے۔

راہل گاندھی نے کہاہے کہ میں چاہتا ہوں کہ کانگریس کا ہر کارکن گلی گلی میں جاکر ایک بات کہے کہ چوکسی نے 35 ہزار کروڑ روپے ہندوستان کے لوگوں کا چوری کیا اور ارون جیٹلی کی بیٹی کے اکاؤنٹ میں لاکھوں روپے دیے۔اس سے پہلے دہلی میں کانگریس پارٹی نے بھی ارون جیٹلی پرمفرورمیہول چوکسی کی مددکے الزام لگائے تھے۔پارٹی رہنما سچن پائلٹ نے میہول چوکسی، نیرومودی، وجے مالیا سے جڑے معاملات کوبنیادبناتے ہوئے کہا کہ ارون جیٹلی کو فوری طور پر اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیناچاہیے۔

انہوں نے کہا کہ کہ مودی حکومت ملک کا پیسہ لوٹنے والے لوگوں کی مددکر رہی ہے، حکومت کے پاس گزشتہ ساڑھے تین سال سے پنجاب نیشنل بینک میں چل رہے گھوٹالے کی معلومات تھیں، لیکن انہوں نے کوئی کارروائی نہیں کی۔سچن پائلٹ نے الزام لگایا کہ وزیر خزانہ ارون جیٹلی کی بیٹی سونالی جیٹلی اور ان کے شوہر کو میہول چوکسی کی کمپنی نے 24 لاکھ میں بطور رٹینرہائیرکیا۔ بعدمیں یہ24 ملین واپس لوٹا دیے گئے لیکن سوال ہے کہ اقتدار سے وابستہ لوگ ہی مفرور لوگوں کی وکالت کرنے کیوں آگے آتے ہیں۔ پہلے پیسہ لے کر بھگواؤ پھر قانونی تحفظ دو۔کانگریس لیڈر نے کہاہے کہ ایک فراڈ کمپنی کا دفاع کرنے کے لیے کیوں وزیر خزانہ کی بیٹی کی فرم کو ہائر کیا؟یہ سب خود سے نہیں ہوا، اس کے پیچھے پوری سازش ہے۔شفافیت کی بات کرنے والے وزیر اعظم کی حکومت اب بے نقاب ہو گئی ہے۔


Share: